حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کل حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ہے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ نوری ہمدانی نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ کی ہدایت اور قیادت میں حزب اللہ لبنان کی فتوحات عالمِ اسلام کے مسلمانوں اور آزاد لوگوں کے لئے باعث فخر ہیں۔
اس موقع پر آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے ایام صفر کی مناسبت سے تعزیت پیش کی اور استکبار جہاں اور غاصب اسرائیلی حکومت کے مقابلے میں مزاحمت و مقاومت کی طاقت اور اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں اور اسلامی مجاہدوں میں جہاد اور شہادت کی ثقافت ہمیشہ زندہ اور جاری رہنا چاہئے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ مسلمانوں کو طاغوت کے خلاف جہاد کرنے کی دعوت دی اور دشمنوں پر غالب آنے کا واحد راستہ اس جذبے کو قرار دیا اور فرمایا:« الْخَیْرُ کُلُّهُ فِی اَلسَّیْفِ وَ تَحْتَ ظِلِّ اَلسَّیْفِ وَ لاَ یُقِیمُ اَلنَّاسَ إِلاَّ اَلسَّیْفُ وَ اَلسُّیُوفُ مَقَالِیدُ اَلْجَنَّةِ وَ اَلنَّارِ»؛ تمام خوبیاں تلوار اور تلوار کے سائے میں ہیں اور لوگ تلوار کے سوا قائم نہیں ہوسکتے اور تلواریں جنت اور جہنم کی کنجی ہیں۔
آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے مزاحمتی اور مقاومتی گروہوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو غاصب اسرائیلی حکومت کی کمزوری اور تنزلی کا ایک اہم سبب قرار دیا اور کہا کہ اسلامی مقاومتی گروہوں کے اتحاد و یکجہتی کے سائے میں امت اسلامیہ کی طاقت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے اور ہم سب کو امت اسلامیہ کے دشمنوں اور شرپسندوں کی فتنہ انگیزی اور تفرقہ بازی سے ہوشیار رہنا چاہئے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے بعض سازشی رجعتی لیڈروں اور اسلامی شخصیات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی متعدد آیات میں منافقین کی مذمت کی ہے۔ آج وہ لوگ جنہوں نے دینِ اسلام کی حقیقت کو نہیں سمجھا، غاصب صہیونی حکومت کے مظالم اور بچوں کے قتل پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور امت اسلامیہ کی صفوں میں تفرقہ پیدا کرنے کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔
انہوں نے اربعین حسینی کے عظیم اجتماع کو مسلمانانِ عالم کے مابین وحدت و اتحاد کا ایک اہم سبب قرار دیا اور اس بات کی نشاندہی کی کہ اربعین کے موقع پر ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی آل سے محبت، حق اور شہادت طلبی کی ثقافت کو فروغ دینا چاہئے، تاکہ عالم اسلام کے دشمنوں کے تسلط کو ختم کیا جا سکے۔
آخر میں، آیت اللہ نوری ہمدانی نے اسلامی مجاہدین خاص طور پر حزب اللہ لبنان کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج مقاومتی جماعتیں جعلی اسرائیلی حکومت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہیں اور عالمِ اسلام کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں۔ الحمدللہ! سید حسن نصر اللہ کی ہدایت اور قیادت میں حزب اللہ لبنان کی فتوحات عالمِ اسلام کے مسلمانوں اور آزاد لوگوں کے لئے باعث فخر ہیں۔